اسلام آباد (فاروق اقدس) بنگلہ دیش سے بھارت فرار ہونے والی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے دعویٰ کیا ہے کہ اپنی بہن کے ساتھ ڈھاکہ سے نکلنے سے عین قبل کسی نے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی۔میں اور بہن خوش قسمتی سے زندہ بچ نکلے، موت کو آنکھوں کے سامنے دیکھا، یہ معاملہ بنگلہ دیشی طلبہ کے پرتشدد مظاہروں کے دوران ہوا۔ یاد رہے کہ مفرور شیخ حسینہ کا یہ دعویٰ اگست 2024 کے پہلے ہفتے میں فرار ہونے کے بعد جسے کم وبیش چھ ماہ ہونے کو آئے ہیں سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ حسینہ نے حال ہی میں پیغام میں اپنے پورے سیاسی کیرئیر کے دوران مختلف قاتلانہ حملوں سے بچ نکلنے سے متعلق بتایا جس دوران وہ جذباتی بھی ہوگئیں ، پیغام میں حسینہ واجد نے دعویٰ کیا کہ میں اور میری بہن شیخ ریحانہ خوش قسمتی سے زندہ بچ نکلے، ہم موت کے بہت قریب تھے، تقریباً 20 سے 25 منٹ تک ہم نے موت کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھا۔