یہ بات ناقابلِ یقین ہے کہ دنیا میں کوئی ملک ایسا بھی ہے جہاں شرحِ پیدائش صفر ہے مگر یہ حقیقت ہے۔
ویٹیکن سٹی اپنے رقبے اور آبادی کے لحاظ سے ناصرف یورپ بلکہ دنیا کا سب سے چھوٹا ملک ہونے کا اعزاز رکھتا ہے، یہ ملک رومن کیتھولک چرچ کا مرکز بھی ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وسیع مذہبی اور ثقافتی اہمیت کے باوجود بھی ویٹیکن سٹی کی آبادی بہت کم ہے جو کہ اس وقت صرف 499 افراد پر مشتمل ہے۔
پوپ فرانسس جو رومن کیتھولک چرچ کے رہنما ہیں وہ ویٹیکن سٹی میں رہتے ہیں اور اس ملک کے حکمراں بھی ہیں۔
ویٹیکن سٹی اپنے چھوٹے سائز کے باوجود بھی سیاحوں کے لیے کی خصوصی توجہ کا مرکز ہے، خاص طور پر ان سیاحوں کے لیے جو اس کی تاریخ کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں یا پھر یہاں پر کوئی روحانی تجربہ کرنا چاہتے ہیں۔
اس ملک کا دورہ کرنے کا بہترین وقت اپریل سے پہلے کا ہے کیونکہ اس وقت یہاں پر سیاحوں کا رش کم ہوتا ہے۔
ویٹیکن سٹی دنیا کا واحد ملک ہے جہاں شرحِ پیدائش صفر ہے کیونکہ یہاں لوگ ریاست کے اندر کام کر کے یا پھر پوپ کی طرف سے دعوت نامہ وصول کرنے کے بعد ہی یہاں کی شہریت حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ ملک اہم مذہبی اور ثقافتی تعمیرات کا گھر بھی ہے جن میں سینٹ پیٹرز باسیلیکا، سسٹین چیپل، ویٹیکن اپوسٹولک لائبریری اور ویٹیکن میوزیم شامل ہیں۔
یہاں دنیا کی سب سے مشہور پینٹنگز اور مجسموں کی نمائش بھی کی گئی ہے۔
اس ملک کی معیشت کا انحصار کیتھولکس کے عطیات، ڈاک ٹکٹوں، سیاحتی مقامات کے ٹکٹوں اور اشاعتوں کی فروخت پر ہے۔