سینئر سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے عوام پر تھوپے جا رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو اپنے ایجنڈے سے نکل کر آگے بڑھنا ہوگا۔
اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت بچانے کی اشد ضرورت ہے، موجودہ حکومت نے بحران کو بڑھانے میں کندھا استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جمہوریت کی بحالی ایجنڈا ہونا چاہیے، سیاسی جماعتوں کو اپنے ایجنڈے سے نکل کر آگے بڑھنا ہوگا۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ اگلے چند دنوں میں اپوزیشن ایجنڈا طے کرنے کا مشاورتی اجلاس ہوگا، ایک بڑا ایجنڈا بنا کر ملک کو بحرانوں سے نکالا جائے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم سب کا ایک ایجنڈا ہے کہ ملک میں آئین کی بحالی ہو، جلد اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں کا اتفاق ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دریائے سندھ کے سیدھے ہاتھ افراتفری ہے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حالات سنگین ہو چکے ہیں، مہنگائی اور غربت عروج پر پہنچ چکی ہے، ملک سے 14 ارب ڈالر باہر جاچکے ہیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے آئینی حقوق کےلیے کھڑی ہو جائے۔ 1973 کا آئین پاکستان کے لیے اہم کارنامہ تھا، 26ویں آئینی ترمیم نے آئین کو تباہ کر دیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدالتیں اپاہج ہو رہی ہیں اور یہ تباہ کن ہے، مزدور کسان اور سیاسی قیادت کو اکٹھے کرنے جا رہے ہیں۔ جو اس وقت خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں چل رہا یے انتہائی تشویشناک ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر پراکسی وار شروع ہو گئی تو خدانخواستہ کہاں جائیں گے؟