• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوڈیشل کمیشن بننے یا نہ بننے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، عرفان صدیقی


حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے بننے یا نہ بننے کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ ذیلی کمیٹی کا اجلاس کل اور جمعہ کو دوبارہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ 28 جنوری کو پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ چوتھا مشترکہ اجلاس ہوگا۔ 

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ تفصیل کے ساتھ مطالبات پر غور کیا ہے، قانونی مشاورت کی ہے۔ 28 تاریخ کو تحریری جواب ان کے حوالے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن بننے یا نہ بننے کا سوال ابھی طے نہیں کیا، اسی لیے مشاورت ہو رہی ہے، مذاکرات کا عمل جاری رہے گا۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے مطالبات کے جواب کے معاملے میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیرصدارت حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں تحریک انصاف کے تحریری مطالبات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اسحاق ڈار، نوید قمر، عبدالعلیم خان، رانا ثناء اللّٰہ، فاروق ستار، اعجازالحق، خالد مگسی اور چوہدری سالک حسین بھی شریک تھے۔

قومی خبریں سے مزید