اسلام آباد ہائی کورٹ نے بلوچستان، خیبر پختون خوا اور نیب سے پی ٹی آئی کے رہنما رؤف حسن کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔
رؤف حسن پر درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کی درخواست پر جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں رؤف حسن پر 6 مقدمات درج ہیں جبکہ ایف آئی اے میں ان پر 1 مقدمہ درج ہے۔
دورانِ سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان کی رپورٹ نہیں آئی، خیبر پختون خوا میں تو آپ کو تفصیلات جلد مل جانی چاہئیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور ہر بار اسلام آباد آتے ہیں اور لوگ یہاں گرفتار ہو جاتے ہیں۔