• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’نُوری نت‘ کاکردار ’مولا جٹ‘ سے بڑا تھا، احمد شاہ کا مصطفیٰ قریشی کو خراج تحسین

فوٹو: جنگ
فوٹو: جنگ

آرٹس کونسل پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے اسٹار اداکار مصطفیٰ قریشی کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی سپر ہٹ فلم مولا جٹ میں ’نُوری نت‘ کا کردار ’مولا جٹ‘ سے بڑا تھا۔ 

تفصیلات کے مطابق 700 سے زیادہ فلموں میں کام کرنے فلم اسٹار مصطفیٰ قریشی کے اعزاز میں اداکارہ اور اینکر ڈاکٹر ہما میر نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پُرتکلف عشائیہ دیا۔

اس موقع پر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر اور صدارتی ایوارڈ یافتہ شخصیت سید محمد احمد نے شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’مولا جٹ‘ میں مصطفیٰ قریشی کا کردار ’نُوری نت‘ فلم کے لیڈنگ کردار مولا جٹ سے بڑا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی فلمیں بنائی نہیں جاتیں بلکہ وہ تو ایک بار بن جاتی ہیں، تو سب اُسے یاد کرتے ہیں اور وہ کلاسک کا درجہ اختیار کرلیتی ہیں۔ 

محمد احمد شاہ کا کہنا تھا کہ جس طرح بھارت میں فلم شعلے بنی، اس کا پروڈیوسر ڈائریکٹر سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ شعلے ایک شاہکار فلم کہلائے گی۔

اس موقع پر اداکار مصطفیٰ قریشی نے بتایا کہ شروع شروع میں میرے لیے پنجابی بولنا مشکل تھا اس لیے مولا جٹ فلم میں ٹھہر ٹھہر کر پنجابی بولی، جو بعد میں میرا انداز بن گیا۔

اس موقع پر نامور گلوکار تنویر آفریدی، شبانہ کوثر، شازیہ کوثر، ہما بیگ اور عروسہ علیگ نے اردو اور پنجابی گیت اپنی آواز میں پیش کیے۔

اس موقع پر پی ٹی وی کے جنرل منیجر امجد شاہ، پروڈیوسر اقبال لطیف، شکلیل خان، اسجد بخاری اور دیگر بھی موجود تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید