بالی ووڈ خانز میں کون زیادہ دولت مند ہے اور فلمز کے علاوہ کون سے ذرائع آمدنی ہیں جو انہیں امیر ترین اسٹار بناتے ہیں؟ اس حوالے سے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ میں اس حوالے سے ہمیشہ چرچہ رہتا ہے کہ کون اداکار سب سے زیادہ امیر ہے؟ بھارتی فلمز کئی سو کروڑ کا بزنس کرتی ہیں، ان فلمز میں بالی ووڈ کے خانز کا حصہ عمومی طور پر سب سے زیادہ ہوتا ہے تو پھر سوال تو بنتا ہے کون سے خان سب سے زیادہ امیر ہیں؟
کنگ خان شارخ خان کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ان کے اثاثوں یا دولت کی مجموعی مالیت 7300 کروڑ بھارتی روپے ہے، اس حساب سے کنگ خان بلاشبہ بھارت کے سب زیادہ دولت مند اداکار ہیں۔
وہ ایک پروڈکشن کمپنی کے ساتھ ساتھ بھارتی پریمیئر لیگ کی ایک ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی شراکتی ملکیت بھی رکھتے ہیں۔
ممبئی کے جس گھر میں شارخ خان رہتے ہیں وہ منت کے نام سے مشہور ہے، جس کی مجموعی مالیت 200 کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے۔
دوسرے نمبر پر سلمان خان کا نمبر ہے جن کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 29 سو کروڑ ہے، سلمان خان ایک فلم کرنے کے ہی 100 یا 150 کروڑ بھارتی روپے لیتے ہیں، اس کے علاوہ ٹی وی شو بگ باس میں میزبانی کے لیے بھی ایک چینل سے معاہدے میں ہیں، پھر سلو بھائی ملبوسات کی اپنی برانڈ کے مالک بھی ہیں۔
تیسرے نمبر پر عامر خان ہیں جن کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 1862 کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے عامر خان 100 سے 275 کروڑ روپے ایک فلم کا معاوضہ لیتے ہیں، ان کے پروڈکشن ہاؤس نے لگان اور تارے زمین پر جیسی ہٹ فلمز بالی ووڈ کو دیں ہیں۔
بالی ووڈ میں نواب خاندان سے تعلق رکھنے والے سیف علی خان کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 1200 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سیف علی خان اپنی ایکٹنگ اور مختلف برانڈز کے ساتھ کام کرنے کی وجہ سے اچھی پوزیشن میں ہیں، ان کے پاس 4 منزلہ پٹودی پیلس ہے جو ان کے والد نواب منصور علی خان پٹودی سے ان کو ورثے میں ملا جس کی کل قیمت 8 سو کروڑ بھارتی روپے ہے۔