اسلام آباد (محمد صالح ظافر،خصوصی تجزیہ نگار)بھارتی یوم جمہوریہ پربہادری کے 93 ایوارڈ/تمغے منظور،ایک بھی مسلمان کانام شامل نہیں ، بھارت کی خاتون صدر درو پدی مرمو نے اپنے ملک کے 76ویں یوم جمہوریہ پر جو آج (اتوار) منایا جارہا ہے افواج اور سنٹرل آرمڈ فورسز پولیس کے لئے بہادری کے 93 ایوارڈ/تمغے منظور کئے ہیں ان میں ایک تمغہ، فوجی کتے کو بھی دیاگیا ہے جبکہ بھارتی فوج کے دو لیفٹیننٹ جنرل بھی دوسرے درجے کےا علیٰ ترین ایوارڈ کے حقدار قرار پائے ہیں۔ بھارتی وزارت دفاع نے ایوارڈ پانے والوں کی فہرست ہفتے کے روز جاری کی ہے جن میں ایک بھی مسلمان کانام شامل نہیں۔ ایوارڈ حاصل کرنے والے کتے کو ’’فینٹم‘‘ کانام دیا گیا ہے جو اسپیشل فورسز کے نویں پراکے ساتھ متعین تھا۔ بھارتی صدر نے بعد از مرگ جن چار ایوارڈ کی منظوری دی ہے ان میں فینٹم بھی شامل ہے جو نام نہاد دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے دوران اکھنور میں ہلاک ہوگیا تھا۔ اس کے لئے 58 پیغامات ملے تھے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ فینٹم کی آخری رسومات فوجی اعزاز کے ساتھ انجام دی گئی تھیں اس موقع پر بھارتی ترانے کی دھن سنائی گئی تھی اور اس کے تابوت کو بھارتی پرچم میں لپیٹ کر فوجی دستے نے سلامی دی تھی۔