کینیڈین پارلیمنٹ کے ممبر چارلی اینگس نے ایلون مسک اور ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) کے بارے میں الیکشنز کینیڈا سے تحقیقات کرنے کی درخواست کی ہے۔
چارلی اینگس نے کینیڈا کے اگلے وفاقی انتخابات میں ایلون مسک کی ممکنہ مداخلت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے چیف الیکٹورل آفیسر اسٹیفین پیروولٹ کے نام دو صفحات پر مبنی اپنے خط میں لکھا کہ ایلون مسک مختلف ممالک کے حالیہ انتخابات میں اپنا کردار ادا کر چکے ہیں۔
چارلی اینگس نے خط میں لکھا ہے کہ ایلون مسک نے قدامت پسند امیدواروں کو لاکھوں ڈالرز کی مالی مدد فراہم کی اور ایکس (سابقہ ٹویٹر) کا استعمال اپنے پسندیدہ امیدواروں کے سیاسی پیغامات کی تشہیر کے لیے کیا۔
اُنہوں نے خط میں مزید لکھا کہ ایلون مسک نے دائیں بازو کے پاپولسٹ رہنماؤں کے ساتھ اتحاد بنایا، انتہاپسند اثر و رسوخ رکھنے والے افراد کی تشہیر کی اور اقلیتی گروپوں کے خلاف نفرت اور غلط معلومات پھیلائیں۔
چارلی اینگس نے خط میں لکھا کہ ایلون مسک کینیڈا کی سیاست میں بھی مداخلت کر رہے ہیں، وہ کنزرویٹو پارٹی کے موجودہ لیڈر کی تعریفیں کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے خط میں یہ بھی لکھا کہ ایلون مسک دائیں بازو کے اثرورسوخ رکھنے والے افراد اور ان کے پلیٹ فارمز سے اتحاد کر رہے ہیں اور موجودہ وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو پر تنقید کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کینیڈا کے موجودہ وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر چُکے ہیں اور وہاں اسی سال انتخابات ہو رہے ہیں۔