اسرائیل نے فلسطینیوں کی نسل کشی کےلیے غزہ میں منظم طریقے سے خواتین کی صحت کے مراکز کو نشانہ بنایا اور غزہ میں صنفی تشدد کو جنگی حکمت عملی کے طور پر استعمال کیا۔
اقوام متحدہ کے آزادانہ بین الاقوامی انکوائری کمیشن نے اس حوالے سے رپورٹ جاری کر دی۔
اقوام متحدہ کے ماہرین کے مطابق صنفی تشدد اور صحت مراکز کی منظم تباہی سے اسرائیل نے نسل کشی کی کارروائیاں کیں۔ اسرائیلی حملوں سے طبی سامان کی قلت کے نتیجے میں حاملہ خواتین کی اموات میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی منظم کارروائیاں انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کو جانبدارانہ قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں 48,515 فلسطینی شہید اور 111,941 زخمی ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ 19 جنوری 2025 کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ ہونے کے باوجود اسرائیل نے اس معاہدے کو 250 سے زائد مرتبہ توڑا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے ان خلاف ورزیوں میں فضائی حملے، زمینی دراندازی، اور امدادی قافلوں کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا شامل ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں گزشتہ ماہ تک مزید 115 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔