پانی انسانی جسم کے لیے بہت اہم ہے اور حمل کے دوران یہ اور بھی زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق حمل کے دوران پانی ماں اور بچے دونوں کی صحت اور تندرستی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
مناسب ہائیڈریشن ایک صحت مند نظام انہضام کو برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے اور حمل کے عام مسائل جیسے قبض اور بواسیر کو روکتا ہے۔
حمل کے دوران خواتین کے خون کی مقدار میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہو جاتا ہے، یہ اضافی خون پیدا کرنے کے لیے پانی انتہائی ضروری ہوتا ہے جو کہ بچے کو آکسیجن اور غذائیت فراہم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق پانی کی کمی پیشاب کی نالی میں انفیکشن، قبل از وقت پیدائش سمیت دیگر سنگین پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہارمونل تبدیلیوں کی وجہ سے حاملہ خواتین کو معمول سے زیادہ گرمی محسوس ہو سکتی ہے تو ایسے میں اچھی ہائیڈریشن اور پانی جسم کے درجۂ حرارت کو منظم کرنے میں مدد کرتا ہے اور زیادہ گرمی کو روکتا ہے۔
حمل کے دوران جسم کے کچھ حصوں پر سوجن معمول کی بات ہے، مناسب پانی کی مقدار ہونے کی وجہ سے ہاتھوں، پیروں اور ٹخنوں میں ضرورت سے زیادہ سوجن (ورم) کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق عام طور پر حاملہ خواتین کو روزانہ کم از کم 8 سے 12 کپ (64 سے96 اونس) پانی پینا چاہیے تاہم یہ مقدار خواتین کے رہن سہن، طور طریقوں، موسم اور کام کی نوعیت کے مطابق بدل سکتی ہے۔