ہونٹوں کے گرد موجود جھریاں، عام طور پر لپ اسٹک لائنز یا تمباکو نوشی کے باعث بننے والی لکیروں کے نام سے جانی جاتی ہیں، ان کا تعلق عموماً بڑھتی عمر اور سگریٹ نوشی سے ہوتا ہے۔
ہیلتھ لائن کے مطابق 20 سال کی عمر کے بعد جسم میں کولیجن کی پیداوار میں ہر سال تقریباً 1 فیصد کمی واقع ہوتی ہے، کولیجن کی پیداوار میں پیش آنے والی یہ بتدریج کمی ہونٹوں کے گرد باریک جھریاں بننے کا سبب بن سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق سورج کی شعاعوں سے جلد کا براہِ راست سامنا بھی قبل از وقت بڑھتی عمر کی ایک بڑی وجہ ہے، اس عمل کو فوٹو ایجنگ کہا جاتا ہے، جبکہ تمباکو نوشی بھی بالائی ہونٹ کے گرد جھریاں پڑنے کی ایک عام وجہ ہے۔
ان جھریوں کی نمایاں ظاہری شکل کم کرنے کے لیے کئی طریقۂ علاج دستیاب ہیں۔
لپ آگمینٹیشن: اس طریقہ علاج میں انجیکشن کے ذریعے فلرز استعمال کیے جاتے ہیں، جن سے ہونٹ زیادہ بھرے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
ہائیالورونک ایسڈ پر مشتمل فلرز ہونٹوں اور ان کے اردگرد کے حصوں میں بھی لگائے جا سکتے ہیں تاکہ جھریوں کی ظاہری شکل کم ہو۔
کیمیکل پیل: اس طریقۂ علاج میں جلد کی بیرونی تہہ ہٹائی جاتی ہے، جس کے بعد اس کی جگہ نئی اور نسبتاً جوان دکھائی دینے والی جلد نمودار ہوتی ہے۔
لیزر ری سرفیسنگ: اس طریقے میں لیزر کی مدد سے جلد کی بیرونی تہہ ہٹائی جاتی ہے، اس کا ایک اضافی فائدہ یہ ہے کہ اس سے جلد میں کھنچاؤ پیدا کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
ڈرم ابریشن: اس طریقۂ علاج میں گھومنے والے برش کی مدد سے جلد کی بیرونی تہہ ہٹائی جاتی ہے۔
مائیکرو ڈرم ابریشن: اس طریقے میں ایک دستی آلے کا استعمال کیا جاتا ہے، جس کی نوک پر باریک کرسٹل یا ہیرے کی تہہ ہوتی ہے، اس کی مدد سے جلد کی سطح کو نکھارا جاتا ہے۔
مائیکرو نیڈلنگ: اس عمل میں باریک سوئیوں والے رولر کو جلد پر پھیرا جاتا ہے، جس سے جلد میں ننھے سوراخ بنتے ہیں، یہ عمل کولیجن کی پیداوار کو متحرک کرتا ہے اور باریک جھریوں کی ظاہری شکل بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔
پلیٹلیٹ رِچ پلازما (پی آر پی): اس طریقۂ علاج میں مریض کے اپنے خون کے ایک جزو کو استعمال کیا جاتا ہے، جو کولیجن کی پیداوار کو متحرک کرنے میں مدد دیتا ہے۔
بوٹوکس: یہ بھی ہونٹوں کے گرد جھریاں کم کرنے کا ایک طریقہ ہے، جس میں پٹھوں کی حرکت کو محدود یا روک کر ان لکیروں کی نمایاں شکل کم کی جاتی ہے۔
سورج کی براہِ راست شعاعوں سے جلد کو محفوظ رکھنا ہونٹوں کے گرد جھریاں بننے کے خطرے کو کم کرنے کے مؤثر ترین طریقوں میں سے ایک ہے۔
ان میں سے کئی طریقۂ علاج کے نتائج نمایاں ہونے سے پہلے متعدد نشستوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے، عام ضمنی اثرات میں جلد پر نیل پڑنا، سوجن اور جلن شامل ہیں۔
کسی بھی طریقۂ علاج سے قبل مریضوں کو اپنے معالج سے صحت یابی میں متوقع وقت اور ممکنہ ضمنی اثرات کے بارے میں ضرور مشورہ کرنا چاہیے۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔