لاہور(خصوصی نمائندہ ) ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ( ڈی جی پی آر) پنجاب غلام صغیر شاہد نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی میڈیا پر تشہیر کے لئے مربوط انداز میں ٹھوس اور نتیجہ خیزحکمت عملی اپنائی جائے۔محکمہ تعلقات عامہ سرگودہا ڈویژن اور متعلقہ ضلعی انفارمیشن دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 20 اضلاع میں انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے دفاترکی اپنی عمارات کی تعمیر کے لئے اقدامات میں تیزی لائی جارہی ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے سرگودہا ڈویژن اور اضلاع کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیااور ڈویژن میں کام کرنے والے تمام افسران و دیگر اسٹاف کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مزید محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا محمد سہیل رانا،ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خورشید جیلانی،ڈپٹی ڈائریکٹر پریس لاز نایاب حیدر نقوی، ڈائریکٹر ایڈمن صدیق کیانی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔