جب تمام مسافر جہاز میں اپنی سیٹ پر آرام سے بیٹھ جاتے ہیں تو عملے کی جانب سے تمام مسافروں کو یہ ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے موبائل فونز کو فلائٹ موڈ پر منتقل کرلیں لیکن آج بھی بہت سارے لوگ جہاز میں سفر کے اس اصول کی وجہ نہیں جانتے۔
اس لیے آج یہاں ایک نظر ان وجوہات پر ڈال لیتے ہیں جن کی وجہ سے دورانِ پرواز موبائل فون کو فلائٹ موڈ پر منتقل کرنا ضروری ہے۔
جب فون مسلسل نیٹ ورک سگنلز کی تلاش میں رہتا ہے تو نہ صرف موبائل کی بیٹری جلدی ختم ہوتی ہے بلکہ یہ عمل جہاز کے دیگر سسٹمز میں مداخلت بھی کر سکتا ہے۔
صرف اتنا ہی نہیں بلکہ دورانِ پرواز موبائل فون کو فلائٹ موڈ پر نہ رکھنے کی وجہ سے موبائل سگنلز جہاز کے نیویگیشن آلات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں اور چونکہ نیویگیشن آلات انتہائی حساس ہوتے ہیں اس لیے ایسی صورتِ حال جہاز گرنے کی وجہ بھی بن سکتی ہے۔
فضاء میں بلند جہاز سے موبائل سگنلز زمین پر موجود نیٹ ورکس کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔
موبائل سگنلز کے زمینی نیٹ ورکس پر اثرانداز ہونے سے نیٹ ورکس کی کارکردگی خراب ہوسکتی ہے اور دوسرے صارفین کے لیے بھی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔