• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے کی نجکاری کے ساتھ منافع بخش راستوں کو دو بارہ کھولنے کے لئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس کے تحت قوم ایک بار پھر قومی ایئر لائن استعمال کرتے ہوئے یورپی مقامات کا سفر کر سکے گی-پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے میں ہونے والی اہم پیش رفت کے بارے میں وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ آصف نےسینیٹ کو آگاہ کیا کہ اس شعبے کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لئے نئے طیاروں کی شمولیت،پی آئی اے کی نجکاری اور اس کے منافع بخش روٹس کو دو بارہ کھولنے کے لئے ایک نیا منصوبہ بنایا جا رہا ہے-جلد ہی برطانیہ کے لئے پروازیں شروع ہو جائیں گی-برطانیہ سے ایک ٹیم اس وقت پاکستان کے ہوابازی کے حفاظتی معیارات کا جائزہ لے رہی ہے-پی آئی اے نے حال ہی میں پیرس کے لئے اپنی پرواز یں دوبارہ شروع کی ہیں-آنے والے ہفتوں میں بارسلونا کے لئے براہ راست پروازوں کا دوبارہ آغاز کرے گی-پانچ سال پہلے پی آئی اے اسلام آباد،لاہور اور سیالکوٹ سے بارسلونا کے لئے پروازیں کر رہی تھی-قومی ائیرلائن کی برطانیہ اور یورپی ملکوں کی پروازیں سب سے زیادہ منافع بخش تھیں-مئی 2020میں کراچی میں 99 مسافروں کی ہلاکت کا سبب بننے والے المناک فضائی حادثے کے بعد اس وقت کے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور نے بیان دیا تھا کہ پی آئی اے میں پائلٹوں کی ایک بڑی تعداد جعلی لائسنسوں پر کام کررہی ہے جس کے بعد یورپی ممالک میں اس کی پروازوں پر پابندی لگا دی گئی تھی جس سے ایئر لائن کو تقریبا 40ارب روپے کا نقصان ہوا اور اس کا خسارہ مزید ناقابل برداشت ہو گیا-بہرحال چار سال بعد اب یورپ میں قومی ایئر لائن کی بحالی سےامید ہے کہ ادارے کی بہتری کی نئی راہیں کھلیں گی-ہوابازی معیارات کی نگرانی کرنے والے مستند اداروں کی توثیق یقینی طور پر پی آئی اے کی ساکھ کی بحالی کا ذریعہ بنے گی-آئندہ چند ماہ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بھی پروازیں متوقع ہیں۔

تازہ ترین