جنوبی کوریا کے شہر بوسان کےگم ہائے انٹرنیشل ایئر پورٹ پر مسافر طیارے میں آگ لگ گئی۔
کورین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گم ہائے انٹرنیشل ایئر پورٹ پر بوسان انٹرنیشنل ایئر لائن کا مسافر طیارہ ایئر بسA321 ہانگ کانگ کے لیے اُڑان بھرنے کے لیے بالکل تیار تھا کہ اچانک اس میں آگ لگ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کے مقامی وقت کے مطابق منگل کی رات 10 بج کر 30 منٹ پر طیارے کے پچھلے حصّے میں آگ لگی تاہم ابھی تک آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس مسافر طیارے میں 169 مسافر موجود تھے جنہیں باحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا تھا جن میں سے 3 مسافر معمولی زخمی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 29 دسمبر کو جنوبی کوریا کے شہر موان کے ہوائی اڈے پر نجی ایئر لائن جیجو ایئر کا مسافر طیارہ رن وے سے پھسلنے کے بعد کنکریٹ کی باڑ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آ گیا تھا۔
حادثے میں 179 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 2 افراد کو بچالیا گیا تھا۔