ترجمان دفترِ خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ امریکا نے 90 روز کے لیے امدادی پروگرام روکے ہیں تاکہ کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے، امید ہے کہ یہ امدادی پروگرام دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان آئے ہوئے امریکا کے وفد کے دورے کو وزارتِ خارجہ پراسس نہیں کر رہی، یہ دورہ سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کے معمول کے دوروں کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی پر لگائے گئے گھناؤنے الزامات کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان ون چائنا پالیسی پر عمل پیرا ہے، پاکستان چین اور پاکستان کے تعلقات سے متعلق منفی سوالات کو رد کرتا ہے، دونوں ملکوں کی دوستی جتنی قدیم ہے اتنی ہی مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، پاکستان غزہ میں جاری ظلم و بربریت کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی دور کا انعقاد کل اسلام آباد میں ہوگا جبکہ پاکستان اور قطر کے درمیان سیاسی ڈائیلاگ کا انعقاد 5 فروری کو دوحہ میں ہوگا، دوحہ میں پاکستانی وفد کی قیادت نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کریں گے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ سوڈان میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، ہم سوڈان کی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ مراکش میں کشتی کے حادثے سے متعلق تحقیقات ہو رہی ہیں، مراکش کشتی حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوں کو واپس لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن مشقوں کا انعقاد 7 سے 11 فروری کو ہونے جارہا ہے، امن مشقوں کا مقصد میری ٹائم چیلنجز سے نمٹنا ہے، امن مشقوں میں دنیا بھر سے 60 ممالک کے وفود حصہ لے رہے ہیں۔