• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانی اسمگلنگ روکنے میں ناکامی پر ڈی جی FIA فارغ، امن و امان بگڑنے پر IG پختونخوا تبدیل

اسلام آ باد (رانا غلام قادر ) بیورو کریسی میں اعلی تر ین سطح پر تبدیلیاں، وفاقی کابینہ کی منظوری سےڈی جی ایف آئی اے اور پولیس سروس کے گریڈ اکیس کےافسر احمد اسحاق جہانگیر کو عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی بنایا گیا ۔ ذرائع کے مطابق احمد اسحا ق جہانگیر کو انسانی سمگلنگ کے واقعات کی روک تھام اور اس میں ملوث ما فیا کے خلاف موثر کاروائی میں نا کامی کی وجہ سے ہٹایاگیا،ان کی جگہ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے جان محمد کو ڈی جی ایف آئی اے کے عہدے کا اضافی چارج دیا گیا ۔ ریگولر نئے ڈی جی کیلئے آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سلمان چوہدری کے نام زیر غور ہیں۔ تاہم زیادہ قومی امکان ڈاکٹر عثمان انور کا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور کو ڈی جی ایف آئی اے لگانے کی صو رت میں رائے علی طاہر اور بلال صد یق کمیانہ میں سے کسی ایک افسر کو نیا آئی جی پنجاب لگایا جا ئے گا۔وفاقی کا بینہ کی منظوری سے آئی جی خیبر پختونخوا پولیس اور پولیس سروس کے گریڈ اکیس کےافسر اختر حیات کو تبدیل کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اُن کی جگہ پولیس سروس کے گریڈ اکیس کے افسر ذوالفقار حمید کو نیاآئی جی خیبرپختونخوا پولیس تعینات کیا گیا ہے، ذوالفقار حمید پنجاب حکومت میں تعینات تھے۔وزیراعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرر و تبادلوں کے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کر د یے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید