پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے مذاکرات سے صاف انکار کے باوجود اسپیکر قومی اسمبلی اب بھی مذاکرات کی گاڑی پٹری پر چڑھنے کیلئے پُرامید ہیں۔
پی ٹی آئی اور حکومت کی جانب سے اپنی اپنی مذاکراتی کمیٹیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے باوجود ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹیوں کو ڈی نوٹیفائی نہیں کیا ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ اسپیکر ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹی کو برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی نے جوڈیشل کمیشن نہ بننے پر مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ حکومت کی جانب سے بھی مذاکراتی کمیٹی تحلیل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی گزشتہ دنوں کابینہ اجلاس کے دوران تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مذاکرات سے بھاگ رہی ہے، وہ آئیں بیٹھیں ہم ہاؤس کمیٹی بنانے کو تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم صدقِ دل سے مذاکرات کےلیے تیار ہیں، ہم نے بہت نیک نیتی سے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیے۔