بھارتی ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا کی اپنی پہلی فلم ’ارجن ریڈی‘ کےلیے پہلی پسند سائی پلوی تھی۔
سندیپ ریڈی وانگا نے یہ انکشاف سائی پلوی کی فلم ٹنڈیل کے پری ریلیز ایونٹ کے دوران کیا اور کہا کہ اُن کی 2017ء کی فلم ارجن ریڈی کےلیے پہلی پسند سائی پلوی تھی۔
ہدایت کار کی تیلگو فلم میں مرکزی کردار وجے دیورا کونڈا اور شالینی پانڈے نے ادا کیے تھے، جو ایک ہٹ فلم ثابت ہوئی اور اس کا بالی ووڈ میں کبیر سنگھ کے نام سے ری میک بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں فلم کےلیے سائی پلوی کو کاسٹ کرنا چاہتا تھا لیکن مجھے بتایا گیا کہ یہ اداکارہ تو بغیر آستین کے کپڑے زیب تن نہیں کریں گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ویڈیو میں سندیپ ریڈی وانگا بتارہے ہیں کہ میں نے ارجن ریڈی میں سائی پلوی کو کاسٹ کرنا تھا، اس کےلیے ایک فرد کیرالہ سے رابطہ کیا تھا، بعد میں پتا چلا کہ وہ اصل بندہ نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پھر میں نے ایک اور فرد سے بات کی تو اس نے کہانی سننے کے بعد کہا کہ سر سائی پلوی کو بھول جائیں، یہ لڑکی تو بغیر آستین کے کپڑے نہیں پہنے گی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سائی پلوی اپنے متعلق بھارتی ہدایت کے الفاظ سن کر مسکراتی رہیں۔
ہدایت کار نے مزید کہا کہ اداکارائیں وقت کے ساتھ مواقع کی بنیاد پر خود کو بدلتی ہیں لیکن سائی پلوی کو آج بھی دیکھیں تو صاف لگتا ہے کہ وہ بالکل نہیں بدلی، یہ واقعی اچھی بات ہے۔