اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے چینی، سبزیوں اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کردیا۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں بنیادی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے چینی، سبزیوں اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور وزارت صنعت اور قومی پرائس نگرانی کمیٹی سے 2 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے گندم، چینی اور دالوں کے ذخائر کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کر لی۔
ای سی سی اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے رمضان المبارک میں اشیاء ضروریہ کی کم قیمت فراہمی کےلیے اقدامات پر بھی رپورٹ طلب کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے ریونیو ڈویژن کی پیش کی گئی ایکسپورٹ سہولت اسکیم اور 2 اعشاریہ 79 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی۔
ای سی سی اعلامیے کے مطابق وزارت داخلہ کی 49 کروڑ روپے سے زائد کی اور انٹیلی جنس بیورو کی 50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی۔