اڈیالہ جیل میں 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران پولیس نے 34 ہزار صفحات پر مشتمل 118 سیٹ عدالت میں جمع کروا دیے۔
کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے کی، پولیس کی جانب سے اضافی دستاویزات کی کاپیوں کے 118سیٹ عدالت میں جمع کروائے گئے۔
پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے اضافی نقول عدالت میں جمع کروائیں، اضافی نقول کا فی سیٹ برائے ایک ملزم 284 صفحات پر مشتمل ہے۔
پولیس نے کل 34 ہزار صفحات پر مشتمل 118 سیٹ عدالت میں جمع کرائے، اضافی نقول ایف آئی اے، پی آئی ڈی، پیمرا اور انٹرنل سیکیورٹی ونگ کی رپورٹس پر مشتمل ہیں۔
کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو بھی کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں ایک اور گواہ سب انسپکٹر احمد یار کو عدالت میں پیش کیا گیا، بجلی بندش کی وجہ سے گواہ کا مکمل بیان ریکارڈ نہیں ہو سکا۔
عدالت نے کیس کی سماعت 12فروری تک ملتوی کردی۔