• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس، بانی پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد


9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان  پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت  ہوئی، جہاں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ  نے بانی پی ٹی آئی اور شیخ رشید سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔

اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے کمرہ عدالت میں فرد جرم پڑھ کر سنائی۔

عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرنے کی درخواست پر دلائل دیے گئے، اسپیشل پراسیکیوٹر نوید ملک اور ظہیر شاہ نے دلائل دیے۔

بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ، سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت اور ملک احمد چٹھہ کو گرفتار کرلیا گیا، شہباز گل، ذلفی بخاری اور مراد سعید سمیت دیگر ملزمان اشتہاری قرار دیے گئے۔

خیال رہے کہ سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے، مقدمے میں بانی پی ٹی آئی سمیت 143 ملزمان نامزد ہیں، 23 ملزمان کو عدالت پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

پی ٹی آئی کی قیادت کے 70 رہنماؤں پر الزام ہے کہ انہوں نے 9 مئی کی منصوبہ سازی کی، ان پر  الزام ہے کہ کارکنان کو جلاؤ گھیراؤ اور عسکری و سرکاری تنصیبات پر حملوں کے لیے اکسایا۔

اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے،  فرد جرم عائد کرنے کے موقع پر پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم بھی کمرہ عدالت میں موجود تھی، مجموعی طور پر 100 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی۔

تھانا آر اے بازار میں درج مقدمے میں نامزد100 ملزمان پر فرد جرم عائد کی جاچکی، اے ٹی سی نے استغاثہ کی شہادت ریکارڈ کرنے کیلئے 10 دسمبر کی تاریخ مقرر کردی۔

قومی خبریں سے مزید