• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرا بس چلے تو فوری طور پر 15 فیصد ٹیکس کم کردوں، وزیراعظم شہباز شریف


وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی ہے، میرا بس چلے تو فوری طور پر 15 فیصد ٹیکس کم کردوں۔

یوم تعیمر و ترقی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو آئی ایم ایف پروگرام ہچکولے کھا رہا تھا، آئی ایم ایف سے معاہدہ ممکن ہوا اور ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا، کاروباری برادری نے مشورے دینے ہیں کیسے ترقی کرنی ہے، کاروباری برادری کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال میں اندھیروں سے اجالے کی طرف سفر کیا، معاشی ترقی کا سفر اجتماعی کاوش کا نتیجہ ہے، 2023 میں آئی ایم ایف پروگرام خدشات کا شکار تھا، مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ستمبر میں آئی ایم ایف کے ساتھ 7 ارب ڈالر کا معاہدہ ہوا، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد تنخواہ دار طبقے کو اضافی ٹیکس برداشت کرنا پڑا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جنوری میں مہنگائی کی شرح 2.4 فیصد تک آچکی ہے، ٹیم کی کاوشوں کی مدد سے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ملک اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا ہو چکا، معاشی ترقی کا سفر جاری ہے، معاشی میدان میں پاکستان دوبارہ ٹیک آف کرنے کیلئے تیار ہے۔

 انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے ہم نے سخت فیصلے کیے، ہم بڑے پیمانے پر نجکاری کی طرف جا رہے ہیں، سرمایہ کاروں کو بہترین ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہو چکے، اب معاشی نمو کا سفر طے کرنا ہے، مشکل فیصلے کر چکے ہیں مگر آگے کا سفر بھی آسان نہیں ہے، گزشتہ 10 ماہ مشکل تھے مگر اب ترقی و خوشحالی کا سفر طے ہونا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کےلیے سب اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، تنخواہ دار طبقے نے 300 ارب روپے قومی خزانے میں دیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں سے زیادتی نہیں ہونی چاہیے، چیئرمین ایف بی آر اُن کی بات سنیں، حکومت نے ایس او ایز نہیں چلانے، سرمایہ کار انہیں خریدیں اور چلائیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ نہ ہوا تو ترقی اور ایکسپورٹس میں اضافہ بھی نہیں ہوگا، افواج پاکستان دہشتگردی کیخلاف قربانیاں دے رہی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید