کراچی کے علاقے ڈیفنس گزری میں اے وی سی سی پولیس نے بنگلے پرچھاپا مارا، جہاں ملزم نے پولیس پر فائرنگ کردی، جس سے ڈی ایس پی سمیت 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی چیف سی پی ایل سی کا کہنا ہے کہ پولیس اور سی پی ایل سی ٹیم نے مشترکہ طور پر ڈیفنس میں بنگلے پر چھاپا مارا تھا،چھاپا سرچ وارنٹ کے ساتھ مارا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ چھاپا 6 جنوری کو درخشاں سے شہری کے اغواء کے کیس میں مارا، پولیس کے موقع پر پہنچتے ہی بنگلے سے فائرنگ شروع ہوگئی، ملزم کی فائرنگ سے ڈی ایس پی احسن ذوالفقار اور محافظ زخمی ہوا، گولی کا خول لگنے سے ایک خاتون اہلکار بھی زخمی ہوئیں۔
ڈپٹی چیف سی پی ایل سی نے کہا کہ پولیس نے چار گھنٹے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا، گھر میں تلاشی کے دوران اسلحہ و شراب برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق مغوی مصطفیٰ عامر تاحال بازیاب نہیں ہوسکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ڈی ایس پی اور دیگر اہلکار اسپتال منتقل کردیے گئے ہیں، فائرنگ کرنے والا شخص گرفتار کرلیا گیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ او رشراب بھی برآمد ہوئی ہے۔
فائرنگ کے واقعے پر پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی تھی اور بنگلے کو بھی چاروں طرف سے گھیر لیا گیا تھا، پولیس نے گھر کے اطراف کی لائٹیں بھی بند کر دی تھیں۔