کوئٹہ(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد رحیم کاکڑ، سردار حسن شاہ، جمیل بوستان ایڈووکیٹ، میر وائس ایڈووکیٹ، احمد شاہ ایڈووکیٹ، عبداللہ ایڈووکیٹ، عمر فاروق ایڈووکیٹ، امین آغا، ضیاء الحق، نعمت اللہ، توقیر بھٹی، سردار بہلول اور سردار احمدنے بیان میں ہرنائی میں بے گناہ کانکنوں کی گاڑی کونشانہ بنانے کے واقعہ پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اس طرح سے غریب مزدوروں کو نشانہ بنانے کی کسی مذہب میںاجازت نہیں ،نہتے اور بے گناہ کانکنوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے واقعہ میں 10 سے زائد کانکنوں کی شہادتوں اور متعدد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات کا مقصدملک میں افراتفری پھیلانا ہے ۔ پوری قوم شہداء کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اپنے علاقوں میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے واقعہ میں شہید کانکنوں کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔درایں اثناء انہوں نے بیان میں جمعیت کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ اور پسماندگان کو صبرجمیل عطاء فرمائے۔