• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیتابھ بچن نے ماورا حسین کی فلم کیلئے کیا کہا؟

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی فلم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

خوبرو اداکارہ ماورا حسین کی بھارتی فلم ’صنم تیری قسم‘ بھارت میں ری ریلیز ہوئی ہے، جس نے ریلیز ہوتے ہی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے اور 4 دنوں میں تقریباً 25 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کر کے ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا پر ہر جانب صرف اس فلم اور اداکارہ ماورا حسین کا چرچہ ہو رہا ہے، اس کے علاوہ بھارتی اداکار اور فن کاروں نے بھی فلم کی تعریف کے پل باندھ دیے ہیں۔

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے بھی فلم صنم تیری قسم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، انہوں نے اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر فلم کے پوسٹر کو شیئر کیا ہے اور  ساتھ ہی کیپشن میں لکھا ہے کہ فلم کی ری ریلیز کے لیے بہت ہی نیک تمنائیں ہیں۔

پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے بھی بھارتی لیجنڈ کی پوسٹ کو اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے اور لکھا ہے کہ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ یہ سب کچھ غیر حقیقی ہوتا جارہا ہے۔

ماورا حسین کے شوہر امیر گیلانی نے بھی بھارتی اداکار کی پوسٹ اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے ماورا کو ٹیگ کیا ہے اور لکھا ہے کہ یہ بہت بڑا اعزاز ہے، ماشا اللّٰہ۔

واضح رہے کہ 9 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’صنم تیری قسم‘ صرف 9 کروڑ کا کُل بزنس کر سکی تھی، جس کی وجہ سے اسے فلاپ فلم تصور کیا گیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید