چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد لنگڑیال نے کہا ہے کہ ہمیں معاشی نمو کی طرف جاتے ہوئے احتیاط کرنی چاہیے۔
شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن ’پاکستان کےلیے کرڈالو‘ میں سینئر معاشی تجزیہ کاروں نے پاکستان میں تیز رفتار معاشی نمو میں احتیاط کا مشورہ دے دیا۔
اس دوران چیئرمین ایف بی آر اور کاروباری شخصیات نے فکر انگیز گفتگو کی۔ چئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا کہ ہمیں معاشی نمو کی طرف جاتے ہوئے احتیاط کرنی چاہیے، اور آہستہ آہستہ استحکام کی طرف جانا چاہیے۔
انکا کہنا تھا کہ تاثر ہے کہ گروتھ کے فوائد عام آدمی تک نہیں پہنچ رہے، ٹیکس اسٹرکچر میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ہم غلط سائیڈ پر جا چکے ہیں، ہمیں ٹیکسوں میں کمی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ٹیکس اور جی ڈی پی کا تناسب بہتر ہوگیا تو ٹیکس کی شرح میں کمی آئے گی، ٹیکس بیس بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ایسی بات نہیں کہ ہم فٹ فار گروتھ نہیں، ہمیں آئی ٹی اور کان کنی کے شعبوں میں تیز رفتار گروتھ کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پراپرٹی سیکٹر میں ایمنسٹی کی کوئی اسکیم زیر غور نہیں۔