سینئر معاشی تجزیہ کار محمد سہیل نے تیز رفتار معاشی نمو کی مخالفت کردی اور کہا کہ ایسا نہ ہو کہ معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو تو مہنگائی بھی بڑھ جائے۔
اینکرپرسن شاہ زیب خانزادہ کی میزبانی میں جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن ’پاکستان کےلیے کر ڈالو میں گفتگو کے دوران محمد سہیل نے کہا کہ اگر ہم نے تھوڑا سا بھی ایکسیلریٹر پر پیر رکھا تو درآمدات بڑھنے لگیں گی جو دو ماہ سے بڑھ بھی رہی ہیں۔‘
انہوں نے کہا، ’کوشش کرنی چاہیے کہ مہنگائی کو سنگل ڈجیٹ میں رکھ کر گروتھ کی جائے، ایسا نہ ہو کہ معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو تو مہنگائی بھی بڑھ جائے۔‘
محمد سہیل نے مزید کہا کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر عالمی معیارات سے اب بھی بہت کم ہیں، ہم ابھی 6 فیصد معاشی نمو کےلیے فٹ نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس کےلیے ہمیں بجلی سستی کرنی پڑے گی۔ اگلے 2، 4 سال ہم چار ساڑھے چار فیصد معاشی نمو حاصل کر سکتے ہیں۔
سینئر معاشی تجزیہ کار نے یہ بھی کہا کہ اگر زرمبادلہ کے ذخائر 25 ارب ہوگئے تو معاشی نمو 6 فیصد ہو سکتی ہے۔