• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اڈیالہ جیل سے خط پر خط آرہے ہیں، این آر او کیلئے منتیں کی جارہی ہیں، مریم نواز


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل سے خط پر خط آرہے ہیں، این آراو کیلئے منتیں کی جارہی ہیں۔ آج ہر جگہ سے اچھی خبریں آرہی ہیں جبکہ بری خبریں صرف اڈیالا جیل سے آرہی ہیں۔

نارووال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پہلے پنجاب میں رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا تھا، رشوت کی رقم فرح گوگی اور پنکی کو جاتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچایا، دوست ملکوں سے تعلقات خراب کیے، ہم نے نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکالا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دن رات عوامی خدمت میں مصروف ہیں، آنے والا کل آج سے بہتر ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ دو سال پہلے ہر جگہ سے بری خبریں آرہی تھیں، آج ہر جگہ سے اچھی خبریں آرہی ہیں۔ بری خبریں صرف اڈیالا جیل سے آرہی ہیں۔ اڈیالا جیل سے خط پر خط آ رہے ہیں کہ اللّٰہ کے واسطے مجھے نکالو۔

انکا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بننے کے بعد میرا آج پہلا عوامی اجتماع ہے۔ نارووال احسن اقبال کی پہنچان ہے اور احسن اقبال نارووال کی پہچان ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ دنیا سن لے، نارووال کے عوام گواہی دے رہے ہیں کہ نواز شریف نے پاکستان کو مشکلات سے باہر نکال لیا۔ میں اپنی کارکردگی لے کر نارووال والوں کے سامنے پیش ہوئی ہوں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے نظام میں ناانصافی نہیں، آج مرکز میں نواز شریف کے بھائی اور پنجاب میں ان کی بیٹی کی حکومت ہے۔ وہ معیشت ڈوبنے کی باتیں کرتے تھے، اللّٰہ کے فضل سے معیشت آج ٹیک آف پر آگئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں صرف وعدے اور اعلانات لے کر نہیں آئی، سارے وعدے وفا کرکے آئی ہوں، گھر بنانے کےلیے 15 لاکھ کا قرضہ دیا جارہا ہے، کسانوں کو پانچ لاکھ کسان کارڈز فراہم کردیے ہیں، کسانوں نے کسان کارڈ کےلیے سستے بیج، کھاد اور دیگر سامان خریدا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نواز شریف کینسر اسپتال کی بلڈنگ تعمیر ہو رہی ہے، 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار اسکالر شپس لا رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید