سینیٹر فیصل واوڈا نے فواد چوہدری کو مدد کی پیشکش کی اور شیر افضل مروت کو مخلص آدمی قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کو پی ٹی آئی کی ضرورت نہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران فیصل واوڈا نےکہا کہ فواد چوہدری اگر پی ٹی آئی میں جانا چاہتے ہیں تو ہم اُن کی مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) میں سب کمپرومائزڈ ہیں، سارے ہی ملے ہوئے ہیں، پارٹی کا گراف گرگیا ہے، سب ہی سمجھ گئے ہیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی میں نہیں رہنے دیا جائے گا کیونکہ وہ آزاد سیاست کرتے ہیں، میں تو ان کی قدر کرتا ہوں، وہ مخلص آدمی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میری کوئی پارٹی نہیں ہے، میں پی ٹی آئی میں واپس نہیں جانا چاہتا، فواد چوہدری پی ٹی آئی میں واپس جانا چاہتے ہیں تو ان کی مدد کروں گا۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ علیمہ خان کی چیٹ کے پی میں لوٹ مار کا بتا رہی ہے، عید کے بعد نہ دھرنا ہوگا نہ گرینڈ الائنس، کہانی یونہی چلتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو پی ٹی آئی کی ضروت نہیں، نہ انہیں پی ٹی آئی سے کچھ چاہیے ، پارٹی فنڈ میں خرد برد کرکے پارٹی رہنماؤں کے گھر چلتے ہیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کا پارٹی گراف گرگیا ہے، سب سمجھ گئے ہیں، ایوان میں ترمیم کے وقت پی ٹی آئی والے سمجھوتے کے تحت باہر چلے جاتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کرپشن میں باقی صوبوں سے آگے ہے، وزیراعلیٰ کے پی سے پوچھا جائے 75 کروڑ روپےکس حیثیت میں لگائے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی پر آمدن سے زیادہ اثاثوں کا کیس بنتا ہے، علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ زمین بیچی تو اس کی قیمت لگوالیں۔