سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں کلفٹن کے رہائشی علاقے میں کمرشل سرگرمیوں کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست کی سماعت کے دوران ڈی جی سیپا اور ڈی جی کے ڈی اے کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے دونوں افسران کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
عدالت نے کہا کہ ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے بھی وارنٹِ گرفتاری جاری کریں۔
ایس بی سی اے کے وکیل نے کہا کہ ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کل ہی چارج لیا ہے، ہم عدالتی حکم پر من و عن عمل درآمد کریں گے۔
عدالت نے رپورٹ کے ساتھ ڈی جی ایس بی سی اے کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ شہری نے کلفٹن کے رہائشی علاقے میں ریسٹورنٹ چلانے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔