نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور غزہ دیرینہ تنازعات ہیں، جن سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادیں ہیں۔
ایک انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ حق خودارادیت کشمیری عوام کا حق ہے، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کسی ملک کی سرزمین دہشت گردی کےلیے استعمال نہیں ہونی چاہیے، افغان عبوری حکومت سے کہا اپنی سرزمین دہشت گردی کےلیے استعمال نہ ہونے دیں۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاک ترکیہ کے درمیان تجارت، دفاع سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون ہے، غزہ اور مسئلہ کشمیر دیرینہ تنازعات ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ غزہ اور مسئلہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادیں ہیں، غزہ کے عوام کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی تجویز ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی ہونی چاہیے، سلامتی کونسل میں فلسطین کی رکنیت کے حامی ہیں۔
سینیٹر اسحاق ڈار نےکہا کہ پاکستان میں غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کو واپس بھجوایا جا رہا ہے۔