بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے اپنی پروڈکشن اور سابق اہلیہ کرن راؤ کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم لاپتہ لیڈیز کی آسکرز 2025 کی ریس سے باہر ہونے پر اپنا ردِ عمل دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو اتنا سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔
یہ فلم 2023 میں بنی اور یکم مارچ 2024 کو ریلیز ہوئی اور اس نے مجموعی طور پر 25 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا، تاہم آسکرز ایوارڈ 2025 کی نامزدگی کےلیے شارٹس لسٹ کیے جانے کے مرحلے میں یہ ناکام رہی۔
اس صورتحال پر فلم کو پروڈیوس کرنے والے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے بھارتی میڈیا سے انٹرویو میں کہا کہ اس ناکامی کو بہت زیادہ سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کمی تو کہیں نہیں تھی لیکن ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ جب ایک فلم فارن لینگویج کیٹیگری میں مقابلہ کرتی ہے تو دنیا کے جتنے ملک ہیں وہ اپنی انٹریز بھیجتے ہیں اور وہ سب اپنی بہترین فلمیں بھیجتے ہیں۔ تو یہ بڑا سخت مقابلہ ہوتا ہے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ آسکر کی جو باقی کیٹیگریز ہیں اس سے زیادہ مقابلہ فارن لینگویج میں ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ وہاں جو دوسری فلمیں ہوتی ہیں وہ ہم سے اچھی ہوسکتی ہیں۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ ممبرز کو باقی فلمیں زیادہ پسند آئیں تو اسکا مطلب یہ نہیں کہ یہ خراب تھی۔ اسکا مطلب یہ ہے کہ ممبرز کو دوسری 15 فلمیں اچھی لگیں۔