• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگین آلتان اب بھی پاکستان نہ بھول پائے، دورہ پاکستان کو حیران کُن قرار دیدیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بین الاقوامی شہرت یافتہ ترک ڈرامہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ کا مرکزی کردار نبھانے والے اداکار انگین آلتان اب بھی پاکستان سے ملنے والی محبت کو بھول نہ پائے۔

حال ہی میں ایک تقریب کے دوران ایک سوال پر پاکستانیوں سے ملنے والی محبت کا تذکرہ کیا اور پاکستان کے دورے کے وقت پیش آنے والے دلچسپ قصے بھی سنائے۔

انہوں نے بتایا کہ میرا دورہ پاکستان واقعی حیرت انگیز تھا۔ ہر کوئی جانتا ہے کہ پاکستانی ارطغرل سیریز کو بہت پسند کرتے ہیں۔ میں نے ایک بار کوویڈ کے دوران کراچی کا دورہ کیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی اس وائرس پر یقین نہیں کر رہا تھا، وہ کہتے رہے کہ یہ جھوٹ ہے اور اس سے کوئی نہیں مرتا اور حیرت کی بات یہ ہے کہ وہاں کوئی بھی نہیں مر رہا تھا۔

ترک اداکار نے بتایا کہ جب میں ہوٹل میں اپنے کمرے میں پہنچا تو اچانک 15 سے 20 لوگ میرے کمرے میں چلے آئے، میں نے انہیں بتایا کہ یہ میرا کمرہ ہے تو انہوں نے کہا کہ ہاں آجاؤ ہم تصویریں کھنچواتے ہیں۔

انگین آلتان نے ایک واقعہ بھی شیئر کیا اور کہا کہ جب میں پاکستان میں تھا تو مجھے ایک مسجد کا دورہ کروایا گیا، میں مسجد کے امام سے ملاقات کر رہا تھا تو اچانک 4 سے 5 ہزار لوگوں کا ایک ہجوم مسجد میں داخل ہوگیا۔ پتہ نہیں انہیں کیسے معلوم ہوا کہ میں وہاں ہوں وہ مجھ سے ملنے آئے تھے اور اس وقت ہمارے پاس کوئی سیکیورٹی بھی نہیں تھی پھر نیشنل گارڈز کو اندر آ کر مجھے بچانا پڑا میں حیران رہ گیا، لیکن سچ پوچھیں تو یہ ایک حیران کن تجربہ تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید