کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر راولپنڈی میں 8 رمضان سہولت بازار قائم کردیے گئے ہیں۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سہولت بازار مختلف تحصیلوں میں قائم کیے گئے ہیں، سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ ہول سیل ریٹ پر دستیاب ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں علامہ اقبال پارک اور حیدری چوک کے پاس رمضان بازار قائم ہے جبکہ کینٹ میں جوہڑ ماڈل بازار اور چک بیلی خان میں بھی سہولت بازار قائم ہے۔
اسی طرح گوجر خان، ٹیکسلا اور مین جی ٹی روڈ پر بھی سہولت بازار قائم کیا گیا ہے جبکہ تحصیل کہوٹہ اور کلر سیداں میں بھی رمضان سہولت بازار قائم کیے گئے ہیں۔
کمشنر راولپنڈی کے مطابق سہولت بازاروں میں شہریوں کےلیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ رمضان سہولت بازار میں چینی کے خصوصی سیل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ رمضان سہولت بازاروں میں سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی ہے۔