متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو مصطفیٰ کمال کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کا پتا بعد میں چلا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے تصدیق کی کہ انہیں اس بارے میں پیشگی نہیں بتایا گیا تھا۔
خالد مقبول صدیقی نے مصطفیٰ کمال سے اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال سے کوئی لڑائی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی درست نہیں کہ انہیں اور مصطفیٰ کمال کو گورنر سندھ ایک ساتھ بٹھاتے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم لندن نہ قانونی اور نہ تنظیمی طور پر کوئی وجود رکھتی ہے۔ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایم کیو ایم لندن کے ذریعے بیرونی مداخلت کی کوشش کو روکیں۔
سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ الطاف حسین کو چاہیے کہ وہ بلوچستان پر کتاب لکھنے کے بجائے کراچی کا مقدمہ لکھیں۔ الطاف حسین بلوچستان پر کتاب لکھ کر ملک دشمنوں کا مقصد پورا کریں گے۔