• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور کے 10 ماڈل بازاروں کو سہولت بازار کا نام دے دیا گیا


پنجاب حکومت نے لاہور میں 10 ماڈل بازاروں کو سہولت بازار کا نام دے دیا۔

ان سہولت بازاروں میں دستیاب سبزیوں اور پھلوں کی کوالٹی ناقص ہے جبکہ حکومت کی اعلان کردہ 130 روپے والی سستی چینی کا اس بازار میں کہیں نام و نشان ہی نہیں جبکہ 10 روپے تھیلے کے الگ سے چارج کیے جا رہے ہیں۔

پنجاب حکومت نے رمضان المبارک میں لوگوں کو رمضان بازار کی دینے والی روایتی سہولت کو ختم کر کے پہلے سے قائم 10 ماڈل بازاروں کو سہولت بازار کا نام دے دیا اور 16 اشیا کی قیمتیں ہول سیل ریٹ پر دینے کا اعلان کیا۔

ہربنس پورہ کے سہولت بازار میں آلو، پیاز، ٹماٹر، لہسن، ادرک، لیموں، سیب، کیلا، کھجور، بیسن تیسرے درجے کا دستیاب ہے۔

صارفین سہولت بازار میں دستیاب اشیاء کے معیار اور قیمتوں سے سخت ناخوش ہیں کہتے ہیں کہ سستے بازار کے نام پر لوگوں کو لوٹا جا رہا ہے، حکومت کا سہولت بازار میں چینی 130 روپے ملنے کا اعلان خریداروں کا منہ چڑا رہا ہے۔

ہربنس پورہ کے سہولت بازار انچارج کا کہنا ہے کہ سستی چینی آئی نہیں کہاں سے دیں، ڈی سی ریٹ سے کم کر کے عوام کو سہولت دے رہے ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ یہی نہیں سہولت بازاروں میں رکھے گئے رمضان پیکیج بھی مضر صحت اور ناقص اشیاء سے بھرے ہیں۔

حکومت کے دعوے اپنی جگہ لیکن صارفین کا کہنا ہے کہ سہولت بازار عوام کے ساتھ دھوکا ہے، اوپن مارکیٹ میں سہولت بازار سے سستی اور معیاری اشیاء دستیاب ہے۔

قومی خبریں سے مزید