• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں کھانا نہ دینے کا بیان بے بنیاد ہے: عظمیٰ بخاری

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں کھانا نہ دینے کا بیان من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے جیل میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں میاں بیوی کو معمول کے مطابق کھانے پینے کے لوازمات مہیا کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو ہفتے میں 3 دن گوشت، سبزیاں، دالیں، چقندر کا جوس مل رہا ہے، اس کے علاوہ انہیں کافی، ابلے ہوئے انڈے اور خشک میوے  بھی کھانے کو دیے جاتے ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کا کھانے کو جو دل چاہتا ہے وہ انہیں مہیا کیا جاتا ہے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا ہے کہ 2 روز قبل تحریکِ انصاف کے ترجمان نے بھی بانیٔ پی ٹی آئی کی بیماری سے متعلق جھوٹ بولا تھا، کل پمز کے 4 سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم نے آدھے گھنٹے بانیٔ پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا تھا، ڈاکٹروں نے انہیں مکمل صحت مند قرار دیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریکِ انصاف پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ جب اس جماعت کے پاس کوئی کارڈ نہیں بچتا تو مظلومیت اور ہمدردی کارڈ کھیلنا شروع کر دیتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید