کراچی(اسٹاف رپورٹر) ویرات کوہلی کی ایک اور کلاسک اننگز کی بدولت بھارت نے آسٹریلیا کو چار وکٹ سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔ ویرات کوہلی نے 98گیندوں پر 84رنز پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ کے ایل راہول نے 34گیندوں پر42 ناٹ آؤٹ رنز بناکر بھارت کو گیارہ گیند پہلے کامیابی دلوادی۔ آسٹریلیا کے ناتجربہ کار بولنگ اٹیک پر تین کیچ ڈراپ ہوئے۔ ہاردیک پانڈیا نے28رنز بنائے۔ بھارتی اننگز کے آغاز میں آسٹریلوی فیلڈروں نے کپتان روہت شرما کے دو کیچ ڈراپ کردیئے۔ لیکن وہ28اور شمبن گل8رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ کوہلی اور شریاس آئر نے تیسرے وکٹ پر91رنز بنائے۔ شریاس آئر 45اور اکشر پٹیل نے 27رنزبنائے۔ ویرات کوہلی نے آئی سی سی ایونٹس میں 24 بار نصف سنچری بناکر سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔ دبئی میں پہلے سیمی فائنل میں منگل کوآسٹریلین ٹیم 49.3 اوورز میں 264 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ نوجوان کوپر کونولی صفر پرہی محمد شامی کا شکار بن گئے۔ٹروس ہیڈ 39رنز، مارنس لبوشین 29 اور جوش انگلس 11 رنز بناسکے۔ کپتان اسٹیو اسمتھ نے عمدہ بیٹنگ کی تاہم وہ ایک غلط اسٹروک کھیلتےہوئے 73رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ گلین میکسوئل نے پہلی گیند پر چھکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر اکشرپٹیل نے انہیں کلین بولڈ کردیا۔ الیکس کیری 61 رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے ایک چھکا اور8 چوکے مارے۔ بھارت کیلئے فاسٹ بولر محمد شامی نے 3، رویندرا جدیجا اور ورون چکرورتی نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔