معروف اداکارہ، ماڈل و کانٹینٹ کری ایٹر رابعہ کلثوم نے کرکٹرز کی جانب سے اشتہارات میں کام کرنے پر تنقید کی ہے۔
یاد رہے کہ پہلے نیوزی لینڈ اور پھر بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنے کے بعد چیمپئنز ٹرافی کا میزبان پاکستان ایونٹ سے ہی باہر ہو چکا ہے۔
ایسے میں سابق پاکستانی کرکٹرز، تجزیہ کاروں و عوام کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
اس صورتِ حال میں اداکارہ رابعہ کلثوم نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی ہے۔
اداکارہ نے اشیاء کی تشہیر کے لیے برانڈز کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بطور ماڈل اور ایمبیسڈر لینے پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ نے برانڈز سے مطالبہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں تمام برانڈز سے درخواست کرنا چاہتی ہوں کہ وہ ان کرکٹرز کو اپنے ایمبیسیڈر کے طور پر لینا بند کر دیں اور انہیں اس کام پر توجہ دینے دیں جو انہیں کرنا ہے یعنی کہ کرکٹ کھیلنا۔
انہوں نے اپنی اسٹوری میں لکھا ہے کہ اداکاروں کا کام اداکاروں کو کرنے دیں، اگر اداکاروں کا کام کرکٹرز سے کروانا ہے تو پھر اداکاروں کو کرکٹ ٹیم میں ڈال دیں۔
ایک اور اسٹوری میں رابعہ کلثوم نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ اداکار فہد مصطفیٰ یا فیضان شیخ کو بہتر نتائج کے لیے ٹیم کا کپتان بنایا جائے۔
انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا ہے کہ فہد مصطفیٰ یا فیضان شیخ کو کپتان بنایا جائے تو شاید ہم بہتر نتائج حاصل کر سکیں۔