• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابر اعظم کے مقابلے میں ویرات کوہلی زیرو ہیں: محسن حسن خان

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

سابق پاکستانی کرکٹر و ہیڈ کوچ محسن حسن خان نے بابر اعظم کے مقابلے میں ویرات کوہلی کو زیرو قرار دے دیا۔

محسن حسن خان نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کے ویرات کے ساتھ موازنے پر چونکا دینے والا ردِعمل دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں ایک بات واضح کر دوں کہ بابر اعظم کے مقابلے میں ویرات کوہلی کچھ بھی نہیں ہیں، زیرو ہیں۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ لیکن یہ بنیادی مسئلہ نہیں ہے، اصل مسئلہ پاکستان کرکٹ کا ہے جو مناسب حکمتِ عملی، میرٹ اور احتساب نہ ہونے کی وجہ سے مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پچھلے ٹورنامنٹ میں بھی ہم اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے، یہ شرم ناک بات ہے کہ ہماری کرکٹ صرف ذاتی مفادات اور ذاتی مقاصد کی وجہ سے آج زوال کا شکار ہو گئی ہے۔

محسن حسن خان نے کہا کہ جہاں تک سفارشات کا تعلق ہے تو اس طرح تو کسی کو بھی ٹیم میں منتخب کیا جا سکتا ہے لیکن میں یہاں یہ بتاتا چلوں کہ جب میں چیف سلیکٹر تھا تو اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بہتر ٹیم کا انتخاب کرتا تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے خلوصِ نیت سے کام کیا اور بطور ہیڈ کوچ بہتر نتائج میری محنت کی عکاسی کرتے ہیں، میرا مقصد پاکستان کرکٹ کو آگے لے جانا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم اگست 2023ء میں نیپال کے خلاف 151 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد سے ابھی تک کوئی سنچری اسکور نہیں کر سکے ہیں اور اسی وجہ سے مسلسل تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید