جنوبی افریقا نے ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخ رقم کردی، پہلی بار ٹیسٹ چیمپئن بن گیا۔
جنوبی افریقا کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ کا ٹائٹل جیتنے کا خواب پورا ہوگیا ہے۔
لارڈز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے چوتھے دن جنوبی افریقا آسٹریلیا کو ہرا کر ٹیسٹ چیمپئن بن گیا ہے۔ فاتح ٹیم کے بیٹر ایڈن مارکرم نے 136رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔
لارڈز پر کھیلے گئے فائنل کے چوتھے روز جنوبی افریقا نے 213 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز آگے بڑھائی تو اُسے تاریخی کامیابی کے لیے مزید 69 رنز کی ضرورت تھی۔
کپتان ٹیمبا باووما 4 رنز کے اضافے پر ہی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 66 رنز کی شاندار باری کھیلی، ان کی ایڈین مارکرم کے ساتھ تیسری وکٹ پر 147 رنز کی شراکت نے ٹیم فتح کی راہ پر گامزن کردیا۔
اسٹبس مارکرم کا پوری طرح ساتھ نہ دے سکے، وہ241 کے مجموعی اسکور پر آٹھ رنز بنا کر واپس لوٹ گئے، جس کے بعد ڈیوڈ بیڈنگھم اور مارکرم آہستہ آہستہ ٹیم کو کامیابی کی جانب لے جارہے تھے مگر فتح سے صرف 6 رنز کی دوری پر مارکرم آؤٹ ہوگئے۔
وہ 136 رنز بناکر پویلین لوٹے، اُنہوں نے 207 گیندوں کا سامنا کیا اور 14 چوکے لگائے، جیت کے لیے درکار بقیہ 6 رنز بیڈنگھم اور ورینی نے حاصل کرکے اپنی ٹیم کو آئی سی سی ایونٹ کا ٹائٹل جتوادیا۔
بیڈنگھم 21 اور ورینی 4 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، شاندار اننگز کھیلنے پر مارکرم پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔