وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے سمیڈا میں مارکیٹ سے نئی ہنر مند افرادی قوت بھرتی کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ شفاف طریقہ کار اپناتے ہوئے سمیڈا میں بین الاقوامی معیار کی ورک فورس بھرتی کی جائے، ورک فورس کی تنخواہ مارکیٹ ریٹس کے مطابق ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ای شعبے کیلئے لیبر کی پیشہ ورانہ تربیت انتہائی ضروری ہے، سمیڈا کا ہماری دیہی معیشت کی بڑھوتری میں اہم کردار ہے، تمام دیہی آبادی بشمول دیہی خواتین کو سمیڈا کے بلاسود قرض پروگرام سے مستفید کرنے کیلئے لائحہ عمل بنایا جائے۔
شہباز شریف نے وفاقی سطح پر پیشہ ورانہ تربیت کے تمام اداروں کو ایک ادارے میں ضم کرنے کی ہدایت بھی کی۔