بھارتی اداکارہ شہناز گل اس وقت ایک نئے تنازع میں گھر گئیں جب ان کا ایک وائرل ویڈیو کلپ انٹرنیٹ پر بحث کا موضوع بن گیا۔
اس ویڈیو میں شہناز کو ایک کاروباری خاتون کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو ان سے اپنی ہیئر کیئر برانڈ کی ایمبیسڈر بننے کی درخواست کرتی ہیں۔
اس درخواست پر شہناز کا ردعمل سوشل میڈیا صارفین کو پسند نہیں آیا اور انہیں تکبر کا مظاہرہ کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ویڈیو میں ایک خاتون جوش و خروش سے شہناز گل سے پوچھتی ہیں کہ کیا وہ ان کے برانڈ کو اینڈورس کریں گی؟ اس پر شہناز فوراً جواب دیتی ہیں، ’آپ کے پاس پیسے ہیں مجھے دینے کے لیے؟‘
خاتون بغیر کسی ہچکچاہٹ کے، ہنستے ہوئے جواب دیتی ہیں کہ وہ انہیں فوراً ادائیگی کر سکتی ہیں جس پر شہناز مسکراتے ہوئے کہتی ہیں، ’آپ مجھے افورڈ نہیں کر سکتیں۔‘
اس کے بعد وہ خاتون کو اپنے منیجر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتی ہیں، ’وہ رہا میرا منیجر، آپ اس سے بات کریں۔‘
کاروباری خاتون نے تو اس گفتگو کو ہلکے پھلکے انداز میں لیا، لیکن سوشل میڈیا صارفین نے شہناز گل کے لہجے کو ناپسندیدہ اور تکبرانہ قرار دیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’آپ مجھے افورڈ نہیں کر سکتے؟ یہ خود کون ہیں؟ ان میں اتنا غرور کہاں سے آیا؟‘
دوسرے صارف نے لکھا، ’چاہے یہ مذاق ہی کیوں نہ ہو، یہ بالکل غیر ضروری تھا۔‘
کچھ صارفین نے انہیں ’گھمنڈی عورت‘ کہتے ہوئے ان کے رویے پر سوال اٹھایا اور کہا کہ انہیں ایک عزت دار پیشکش کو زیادہ شائستگی سے مسترد کرنا چاہیے تھا۔