جنوبی امریکی ملک برازیل میں ایک خاتون نے پروموشن کے معاملے پر گرما گرمی کے بعد ساتھی خاتون ورکر کے ڈرنک میں زہر ملادیا۔
بتایا جاتا ہے کہ برازیل کی ریاست گویاس میں ایک خاتون ٹیکسٹائل ورکر پر الزام ہے کہ اس نے ساتھی ورکر کی مشروب کی بوتل میں اس لیے زہر ملایا کہ اسکے مقابلے میں غیر منصفانہ طور پر دوسری خاتون ورکر کو ترقی میں ترجیح دی گئی۔
گویانیا میٹروپولیٹن ریجن کے قصبے ابادیا ڈی گویا میں ایک ٹیکسٹائل فیکٹری میں گزشتہ ماہ پیش آنیوالے اس واقعے پر پولیس کا دعویٰ ہے کہ 38 سالہ مشتبہ خاتون کو سی سی ٹی وی کیمروں نے دوسری ورکرز کے مشروبات میں کچھ ملاتے ہوئے نظر آئی۔
جب متاثرہ خاتون ورکر نے مشروب پیا تو اسکے گلے میں جلن محسوس ہوئی۔ تجزیے سے مشروب میں طاقتور کیمیائی محلول کی کافی زیادہ مقدار پائی گئی۔
جس سے پتہ چلا کہ خاتون ملزمہ اپنی ساتھی کارکن کو زہر دینا چاہتی تھی۔ گواہوں کے مطابق دونوں خواتین میں دوستی بھی تھی، لیکن زہر پینے والی خاتون کو پروموشن ملنے کے بعد ان کے تعلقات خراب ہو گئے تھے۔
ایک ہفتہ قبل پیش آنے والے اس واقعہ کے بعد پولیس نے مذکورہ ملزمہ کو گرفتار کرلیا ہے۔