بلوچستان ہائی کورٹ نے پیکا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف آئینی درخواست پر اٹارنی جنرل کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کردیا۔
بلوچستان ہائی کورٹ میں پیکا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف آئینی درخواست کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس اعجاز احمد سواتی اور جسٹس عامر رانا پر مشتمل بینچ نے کی۔
کیس کی ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے پیکا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف آئینی درخواست پر اٹارنی جنرل پاکستان کو 27 اے کے تحت پیش ہونے کا نوٹس جاری کردیا۔
پیکا کے ترمیمی ایکٹ کو بلوچستان یونین آف جرنلسٹس، بلوچستان بار کونسل اور انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے چیلنج کیا گیا ہے۔
بی یو جے اور بار کونسل کی جانب سے ایڈووکیٹ راحب بلیدی نے کیس کی پیروی کی جبکہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر خلیل احمد بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
ہائی کورٹ میں پیکا ایکٹ کےخلاف کیس کی سماعت 3 ہفتوں کےلیے ملتوی کردی گئی۔