ملک کی ترقی وخوشحالی،معاشرے کے کمزور طبقے اور افراد کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا،نوجوانوں کی اعلی تعلیم و تربیت، غریب بچوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا اور انہیں ترقی کے مواقع فراہم کرنا وزیر اعظم شہباز شریف کا ولولہ انگیز وژن ہے جسے عملی جامہ پہناتے ہوئےانہوں نے ایک اور انقلابی فیصلہ کرتے ہوئے 190ملین پاؤنڈ سے جدید ترین دانش یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا ہےجس میں اپلائیڈ سائنسز،آئی ٹی،آئی اےاور ریسرچ اینڈڈویلپمنٹ کی جدید تعلیم دی جائے گی۔14اگست 2026ءسے اس یونیورسٹی کا باضابطہ پہلا سیشن شروع ہو گا۔وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ دانش یونیورسٹی کو ایسا ادارہ بنائیں گے جو دنیا میں نام پیدا کرے گی۔بدترین بددیانتی سے 190ملین پاؤنڈ سرکاری خزانے میں جمع کرانے کے بجائے ایسے اکاؤنٹ میں جمع کر دیے گئے تھےجس کا ملکی خزانے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی طرف سے پاکستان کو واپس کیے گئے 190ملین پاؤنڈ سپریم کورٹ سے وفاقی حکومت کے اکاونٹ میں منتقل کئے گئے ہیں۔دانش یونیورسٹی آف اپلائیڈ اینڈ ایمرجنگ سائنسز کی سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کےوژن کے مطابق یہ فیصلہ ہوا کہ مذکورہ رقم دانش یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے استعمال کی جائے گی۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان،بلوچستان،کراچی کے پسماندہ علاقوں اور آزاد کشمیر میں بھی دانش سکولوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیر اعظم کی جانب سے شروع کیا جانے والا تعلیمی انقلاب کا یہ منصوبہ لائق تحسین ہے جس کے نتائج بہت خوش آئند،گہرے اور دور رس ہوں گے۔ ہونہار طلباء کو بہترین تعلیمی مواقع میسر آئیں گے۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں بھی اہم فیصلے کیے گئے اور انہوں نے رمضان المبارک میں عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کے لیے عوامی نمائندوں اور وزراء کو دوروں کی ہدایات دیں۔