پاکستان انٹرنیشنل کرسچن میڈیکل ایسوسی ایشن (PICMA) کے ایک وفد نے برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے ملاقات کی۔
وفد میں ڈاکٹر پیٹر ڈیوڈ (چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز)، ڈاکٹر آئزک جان (سیکریٹری)، ڈاکٹر میری جان اور بشپ مائیکل نذیر علی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران، وفد نے چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام تہنیتی خط پیش کیا، جس میں انہیں پاکستان کی اعلیٰ ترین عسکری عہدے پر ترقی پانے پر مبارکباد دی گئی۔
وفد نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران ان کی قیادت اور دوراندیشی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک بڑے اور دشمن ہمسائے کے خلاف جرأت مندانہ اور مؤثر ردعمل دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
وفد نے PICMA کے مقاصد پر بھی روشنی ڈالی، جن میں پاکستان میں مسیحی اداروں کے تحت چلنے والے اسپتالوں کو بہتر بنانا، طبی سازوسامان اور انفرااسٹرکچر کی بہتری، اور غریب طبقوں کے لیے سستی صحت کی سہولیات کو فروغ دینا شامل ہیں۔ وفد نے ہائی کمشنر کو تنظیم کا سرپرست بننے کی دعوت بھی دی۔
ڈاکٹر آئزک جان نے پاکستان کے شعبۂ صحت کو مضبوط بنانے سے متعلق چند تجاویز بھی پیش کیں اور بیرون ملک پاکستانی ماہرین کی مدد سے بین الاقوامی تعاون بڑھانے کی پیشکش کی۔
وفد نے جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا اثر لاکھوں بے گناہ افراد پر پڑ رہا ہے۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے چیف آف آرمی اسٹاف کے لیے نیک تمناؤں اور مبارکباد پیش کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا اور PICMA کی صحت کے شعبے میں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ہائی کمیشن پاکستان میں متعلقہ اداروں کے ساتھ تعمیری روابط قائم کرنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔