وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی میں صرف میرٹ پر داخلہ ملے گا، لس یونیورسٹی میں غریب بچوں اور بچیوں کو فری تعلیم دی جائے گی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے دانش یونیورسٹی کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ دانش یونیورسٹی کا انڈوومنٹ فنڈ ہو گا جس میں حکومت رقم دے گی۔
انہوں نے کہا کہ 100 ایکڑ کا رقبہ دانش یونیورسٹی کے نام مختص کر دیا گیا ہے، بہترین تعلیم، اساتذہ، ریسرچ سینٹر کے حوالے سے یہ یونیورسٹی دنیا میں مقام حاصل کرے گی۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بہت اچھی اور شاندار درس گاہیں موجود ہیں، اللّٰہ کو منظور ہوا تو 14 اگست 2026ء کو اس یونیورسٹی کا پہلا سیکشن فعال ہو جائے گا۔
ان کا یہ بھی کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی 190ملین پاؤنڈ یعنی 60 ارب روپے کی لاگت سے بنائی جا رہی ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا رقم قومی خزانے میں منتقل کرنے پر شکر گزار ہوں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ چاروں صوبوں سے بچے یہاں آ کر اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔